سوات میں افسوسناک واقعہ: سیرو تفریح کے لیے آئے 16 افراد دریا کی موجوں کی نذر

سوات میں افسوسناک واقعہ: سیرو تفریح کے لیے آئے 16 افراد دریا کی موجوں کی نذر
تصویر ریسکیو ۱۱۲۲
ماحولیات2025/06/28

خیبر پختونخوا کے خوبصورت سیاحتی ضلع سوات میں 27 جون کو ایک دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں دریا کے کنارے سیر و تفریح کے لیے آئے 16 سیاح اچانک آنے والی طوفانی پانی کی لہر کی زد میں آ گئے اور بہہ گئے۔


ریسکیو ذرائع کے مطابق، متاثرین میں مرد، خواتین اور بچے شامل تھے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ تمام افراد ایک ہی خاندان کے تھے اور دریا کنارے وقت گزارنے کے دوران اچانک پانی کی تیز لہر آئی جس نے انہیں اپنی لپیٹ میں لے لیا۔


صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ سیاحوں نے کچھ لمحوں تک مزاحمت کی، تاہم فوری طور پر کوئی مؤثر امدادی کارروائی نہ ہو سکی جس کی وجہ سے جانی نقصان پیش آیا۔


ریسکیو 1122 کے مطابق، ریسکیو آپریشن جاری ہے اور اب تک سات افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ باقی لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔


ضلعی انتظامیہ نے واقعے کے بعد عوام اور سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دریاؤں، جھیلوں اور دیگر خطرناک مقامات پر جانے سے گریز کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ خیبر پختونخوا حکومت نے اس سانحے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور متعلقہ اداروں کو سیاحوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ہدایت جاری کی ہے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کو روکا جا سکے۔


سوشل میڈیا پر شدید ردعمل

واقعے سے متعلق ایک مختصر ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ خواتین اور بچے پانی میں پھنسے ہوئے ہیں اور مدد کی پکار کرتے نظر آتے ہیں، مگر اچانک آنے والی ایک اور بڑی لہر انہیں بہا لے جاتی ہے۔ ویڈیو دیکھ کر لوگوں میں شدید غم و غصہ پیدا ہوا ہے اور حکومت کی کارکردگی پر سخت تنقید کی جا رہی ہے۔


یاد رہے کہ سوات پاکستان کی ایک مشہور سیاحتی وادی ہے جہاں ہر سال لاکھوں کی تعداد میں ملکی اور غیر ملکی سیاح گرمیوں کے موسم میں آتے ہیں تاکہ قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہو سکیں۔ تاہم، اس واقعے نے سیاحت کے دوران احتیاطی تدابیر اور حفاظتی اقدامات کی اہمیت کو ایک بار پھر اجاگر کر دیا ہے۔

Powered by Froala Editor

مصنف کے بارے میں

نعمت الله خان
نعمت الله خان

نعمت اللہ خان ایک با استعداد افغان صحافی ہیں اردو اور پشتو زبان میں مختلف قومی اخبارات اور ڈیجیٹل میڈیا کے لیے خبریں، مضامین اور تجزیے لکھتے ہیں اور ویڈیو رپورٹس بھی بناتے ہیں