دہشت گردی کا الزام، منظور پشتین کے وارنٹ گرفتاری جاری

دہشت گردی کا الزام، منظور پشتین کے وارنٹ گرفتاری جاری
عدالت نے اپنے حکم نامے میں کہا ہے کہ منظور پشتین کو گرفتار کر کے عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔ وارنٹ گرفتاری کا عکس
پاکستان2025/10/21

پختون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے سربراہ منظور پشتین کے خلاف انسدادِ دہشت گردی کی عدالت اسلام آباد نے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔

اس حوالے سے مشرق ٹی وی کے ایک نامہ نگار اللہ نور وزیر کے نام سے سوشل میڈیا پر مختصر پیغام اور وارنٹ کا سکرین شاٹ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق اسپیشل کورٹ برائے انسدادِ دہشت گردی اسلام آباد نے یہ حکم اُس مقدمے میں جاری کیا ہے جو تھانہ ترنول کے ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔ مقدمے میں منظور پشتین پر دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7 اے ٹی اے سمیت دیگر دفعات کے تحت الزامات عائد کیے گئے ہیں۔


عدالت نے اپنے حکم نامے میں کہا ہے کہ منظور پشتین کو گرفتار کر کے عدالت کے روبرو پیش کیا جائے تاکہ ان کے خلاف درج مقدمے کی کارروائی آگے بڑھائی جا سکے۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے عدالت کو آگاہ کیا کہ متعدد بار طلبی کے باوجود منظور پشتین پیش نہیں ہوئے، جس پر عدالت نے ان کی غیر حاضری کو مدنظر رکھتے ہوئے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا فیصلہ کیا۔


واضح رہے کہ منظور پشتین اور ان کی تنظیم پختون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) ماضی میں بھی مختلف مقدمات کا سامنا کر چکی ہے۔ تنظیم کا مؤقف ہے کہ ان کے خلاف مقدمات سیاسی انتقام کا حصہ ہیں، جبکہ حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔


سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے اس تازہ پیش رفت پر مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں، تاہم اب یہ دیکھنا باقی ہے کہ پولیس کب اور کس طرح عدالت کے حکم پر عمل درآمد کرتی ہے۔

Powered by Froala Editor

مصنف کے بارے میں

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک

ملت نیوز ویب سائٹ صحافتی اقدار کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان۔ افغانستان، خیبر پختونخوا اور دنیا بھر کی تازہ خبروں کا ایک با اعتماد ذریعہ ہے