متحدہ عرب امارات نے پاکستانیوں کے لیے ویزوں پر پابندی عائد کر دی

متحدہ عرب امارات نے پاکستانیوں کے لیے ویزوں پر پابندی عائد کر دی
سرکاری افسر کے مطابق بعض پاکستانیوں کے امارات پہنچ کر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے واقعات میں اضافہ ہوا۔ فوٹو سوشل میڈیا
دنیا2025/11/28

پاکستان کی سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کو بریفنگ دیتے ہوئے وزارتِ داخلہ کے ایک سینئر افسر نے انکشاف کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے پاکستانی شہریوں کے لیے عمومی ویزوں کا اجرا فی الحال روک دیا ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ کچھ عرصے سے یو اے ای کی جانب سے سنگل انٹری اور وزٹ ویزوں کی منظوری میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے، جبکہ بلیو اور ڈپلومیٹک پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو معمول کے مطابق سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔


سرکاری افسر کے مطابق بعض پاکستانیوں کے امارات پہنچ کر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے واقعات میں اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں اماراتی حکام نے ویزا پراسیسنگ کے طریقہ کار کو سخت کیا ہے۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ متعدد درخواستیں ابتدائی مرحلے میں ہی مسترد ہو رہی ہیں اور عام پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا حاصل کرنا پہلے کے مقابلے میں مشکل ہو گیا ہے۔


دوسری جانب دبئی میں قائم اماراتی قونصل خانے نے مقامی میڈیا میں گردش کرنے والی بعض خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی شہریوں پر کسی قسم کی باضابطہ پابندی عائد نہیں کی گئی۔ قونصل خانے کے مطابق ویزا درخواستیں معمول کے مطابق وصول کی جا رہی ہیں، تاہم داخلی پراسیسنگ اور سیکیورٹی چیکس کے باعث چند کیٹگریز میں تاخیر یا سختی ممکن ہے۔


واضح رہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مضبوط کاروباری اور سفارتی تعلقات موجود ہیں، اور ہر سال بڑی تعداد میں پاکستانی محنت کش امارات کا رخ کرتے ہیں۔ ویزا پراسیسنگ میں موجودہ رکاوٹ نے متعدد شہریوں اور ٹریول ایجنٹس میں بے چینی پیدا کر دی ہے، جو حکومتی سطح پر اس مسئلے کے جلد حل کی توقع کر رہے ہیں۔

Powered by Froala Editor

مصنف کے بارے میں

ممتاز بنگش
ممتاز بنگش

ممتاز بنگش مختلف قومی اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ کام کر چکے ہیں اور صحافت کے میدان میں بیس سال سے زائد کا تجربہ رکھتے ہیں