پاکستان نے افغانستان کی چیک پوسٹوں پر قبضہ کر لیا، اپنا پرچم لہرا دیا

پاکستان نے افغانستان کی چیک پوسٹوں پر قبضہ کر لیا، اپنا پرچم لہرا دیا
پاکستان اور افغانستان کے مابین حالات روز بروز کشیدہ ہوتے جا رہے ہیں۔ فوٹو سوشل میڈیا
پاکستان2025/10/12

پاک افغان سرحد پر ایک بار پھر کشیدگی شدت اختیار کر گئی ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے انگور اڈہ سیکٹر میں رات گئے ایک بھرپور کارروائی کے دوران افغانستان کی متعدد سرحدی پوسٹوں پر قبضہ کر لیا ہے۔ اس کارروائی میں پاکستانی فورسز نے مؤثر اور جارحانہ حکمتِ عملی اپناتے ہوئے افغان فوج کی 19 چیک پوسٹیں اپنے کنٹرول میں لے لیں، جن پر بعد ازاں پاکستان کا قومی پرچم لہرا دیا گیا۔


ذرائع کے مطابق یہ آپریشن اُس وقت شروع کیا گیا جب سرحد پار سے پاکستانی حدود میں فائرنگ اور حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ پاک فوج نے بھاری ہتھیاروں کے ساتھ کارروائی کی، جس کے نتیجے میں افغان فورسز کی متعدد پوسٹیں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں جبکہ کئی اہلکار اپنی پوزیشنیں چھوڑ کر پیچھے ہٹ گئے۔


رپورٹس کے مطابق انگور اڈہ سیکٹر کی بیشتر چیک پوسٹیں اب پاکستانی کنٹرول میں ہیں، اور فورسز کی پیش قدمی تاحال جاری ہے۔ اس دوران علاقے میں شدید فائرنگ اور گولہ باری کی آوازیں بھی سنی گئیں، جس سے مقامی آبادی میں خوف و ہراس پھیل گیا۔


یہ بھی پڑھیں:

پاک افغان سرحد پر شدید جھڑپیں، کئی علاقوں میں حالات کشیدہ

متقی کا دورہ بھارت: افغانستان مہرہ ہے، بادشاہ نہیں!


دوسری جانب افغان حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی فورسز نے یکطرفہ کارروائی کی ہے اور اس کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔ افغان وزارتِ دفاع کے مطابق ان کی افواج نے بھی جوابی کارروائی کی ہے، تاہم پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ تمام کارروائیاں صرف دفاعی نوعیت کی ہیں اور انہیں پاکستان کے خلاف بڑھتے حملوں کو روکنے کے لیے ناگزیر سمجھا گیا۔


ادھر بین الاقوامی برادری نے خطے میں بڑھتی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ بعض ممالک نے دونوں فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور مسائل کو سفارتی ذرائع سے حل کریں تاکہ کسی بڑے تصادم سے بچا جا سکے۔

Powered by Froala Editor

مصنف کے بارے میں

ممتاز بنګش
ممتاز بنګش

ممتاز بنگش مختلف قومی اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ کام کر چکے ہیں اور صحافت کے میدان میں بیس سال سے زائد کا تجربہ رکھتے ہیں