کوہاٹ۔ محرم الحرام کے دوران شیعہ سنی عمائدین قیام امن کے لیے متفق

کوہاٹ۔ محرم الحرام کے دوران شیعہ سنی عمائدین قیام امن کے لیے متفق
سابق ضلع ناظم گوہر سیف اللہ خان نے جرگے کی میزبانی کی
پاکستان2025/06/22

کوہاٹ- خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں امن و امان اور محرم الحرام کے تقدس و احترام کو یقینی بنانے کے لیے حجرہ سیٹھ سیف اللہ خان بنگش محمدزئی میں ایک اہم گرینڈ جرگہ منعقد ہوا، جس کی صدارت معروف سماجی رہنما گوہر سیف اللہ خان بنگش نے کی۔ اس جرگے میں اہل تشیع و اہل سنت کے سرکردہ مشران، علمائے کرام، وکلاء اور قبائلی عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔


جرگے کا مقصد محرم الحرام جیسے مقدس مہینے میں مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے، اور پرامن بقائے باہمی کو فروغ دینا تھا۔ اس موقع پر تمام مکاتب فکر کے نمائندوں نے اس بات پر زور دیا کہ کوہاٹ کا پرامن ماحول کسی صورت خراب نہ ہونے دیا جائے گا اور ہر قیمت پر امن کو برقرار رکھا جائے گا۔


اہل سنت اور اہل تشیع کے عمائدین نے مشترکہ طور پر یہ عہد کیا کہ وہ ایک دوسرے کا احترام کرتے ہوئے، فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی فضا کو مزید مضبوط بنائیں گے اور شرپسند عناصر کو ناکام بنانے کے لیے متحد رہیں گے۔


تقریب سے خطاب کرنے والوں میں سید مہتاب الحسن، قاری فتح محمد، شیر احمد بنگش، سید میاں شاہ رضا، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کوہاٹ کے صدر امان بنگش ایڈووکیٹ، ضلعی امیر جمعیت علماء اسلام و سٹی میئر قاری شیر زمان، چیئرمین قیصر علی اور سابق نائب ناظم حاجی سید محمد نصرت خیل شامل تھے۔

Powered by Froala Editor

مصنف کے بارے میں

کریم شاہ
کریم شاہ

کریم شاہ ایک باصلاحیت اور گہری نظر رکھنے والے صحافی ہیں، جو پشتو اور اردو زبانوں کے ذریعے اپنی صحافتی خدمات انجام دیتے ہیں۔ وہ علاقائی اور قومی موضوعات پر رپورٹس، تجزیے اور خبریں تیار کرتے ہیں۔