"یو این ایچ سی آر" نے افغان مہاجرین کے لیے ویکسینیشن پروگرام بند کر دیا

"یو این ایچ سی آر" نے افغان مہاجرین کے لیے ویکسینیشن پروگرام بند کر دیا
تصویر ملت نیوز
پاکستان2025/06/26

خیبر پختونخوا میں مقیم افغان مہاجر بچوں کے لیے ابتدائی ویکسینیشن پروگرام بند کر دیا گیا ہے۔ افغان مہاجرین کی ایالتی کمشنری کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) کی مالی معاونت سے چلنے والا یہ پروگرام بجٹ کی کمی کے باعث بند کر دیا گیا ہے۔


افغان مہاجرین کے لیے صحت کے شعبے میں کمشنری کے ذیلی ادارے "پروجیکٹ ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ" (PDH) کی جانب سے جاری کردہ ایک باضابطہ حکم نامے کے مطابق، مہاجر کیمپوں میں ویکسینیشن کے تمام عملے اور ویکسینیٹرز کو ملازمت سے فارغ کر دیا گیا ہے کیونکہ یو این ایچ سی آر کے ساتھ سال 2025 کے لیے بجٹ میں کمی ہوئی ہے۔


اس ویکسینیشن پروگرام کے تحت مہاجر بچوں کو 12 مختلف بیماریوں کے خلاف ابتدائی ویکسین فراہم کی جاتی تھیں، تاہم پروگرام کے بند ہونے سے خیبر پختونخوا میں افغان مہاجر بچوں کی صحت کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔


ضلع کوہاٹ میں مذکورہ پروگرام سے وابستہ ویکسینیٹر محمد شریف نے بتایا کہ انہوں نے اس پروگرام میں 38 سال خدمات انجام دیں اور ویکسینیشن کا شعبہ بند ہونے پر وہ دلی طور پر افسردہ ہیں۔


ان کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کی بندش کے باعث افغان مہاجر بچوں کو پولیو، خناق، یرقان، ٹائیفائیڈ، ڈائریا، خسرہ اور ٹی بی جیسی متعدی بیماریوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔


پروگرام کی بندش پر افغان مہاجرین نے بھی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ افغان مہاجرین کے ایک رہنما مجاہد شنواری کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے افغان مہاجر بچے شدید صحتی خطرات سے دوچار ہو سکتے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں کو چاہیے کہ وہ اس پروگرام کی بحالی کے لیے مالی معاونت فراہم کریں تاکہ افغان مہاجر بچوں کو مہلک متعدی امراض سے بچایا جا سکے اور انہیں صحت مند زندگی فراہم کی جا سکے۔


شنواری کے مطابق، افغان مہاجرین انتہائی غریب ہیں اور وہ اپنے کیمپوں سے دور واقع اسپتالوں یا صحت مراکز تک نہیں جا سکتے تاکہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو ویکسین لگوا سکیں۔ لہٰذا ضروری ہے کہ ماضی کی طرح یہ پروگرام مہاجر کیمپوں میں فعال رہے تاکہ والدین آسانی سے اپنے بچوں کو اپنے کیمپوں کے قریب قائم صحت مراکز میں ویکسین فراہم کر سکیں۔


بچوں کے لیے ابتدائی ویکسین کیا اور کیسے دی جاتی ہے؟


ابتدائی یا ضروری ویکسین (Essential Immunization) ان ویکسینز کو کہا جاتا ہے جو پیدائش کے بعد بچوں کو دی جاتی ہیں۔ یہ ویکسین عالمی ادارہ صحت (WHO) کی جانب سے حکومت کو مفت فراہم کی جاتی ہیں، اور پھر حکومت کے صحت کے ادارے ان ویکسینز کو پانچ سال سے کم عمر بچوں کو لگاتے ہیں۔


ان ویکسینز میں سب سے پہلے ٹی بی (نری رنځ) اور پولیو کے وائرس کے خلاف ویکسین دی جاتی ہے، اس کے بعد مرحلہ وار بچوں کو دیگر متعدی بیماریوں جیسے کہ یرقان، خناق، تپ دق، ڈائریا، خسرہ وغیرہ کے خلاف ویکسین دی جاتی ہے۔


ماہرین صحت کے مطابق، ان ویکسینز کے ذریعے بچوں کی صحت اور مدافعتی نظام کو مضبوط بنایا جاتا ہے۔ اگر کسی بچے کو مکمل ویکسین نہ دی جائے تو وہ کئی مہلک اور متعدی بیماریوں کا شکار ہو سکتا ہے۔


عالمی ادارہ صحت کے مطابق، اگر پاکستان میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو یہ ویکسین فراہم نہ کی گئیں تو ان بیماریوں کے پھیلنے کا شدید خطرہ موجود ہے۔ ادارے کے مطابق، وہ آبادی جو مستقل سکونت نہیں رکھتی، ان کے بچوں کو اگر بروقت ویکسین نہ دی گئی تو وہ ان خطرناک وائرسز کا آسان شکار بن سکتے ہیں۔

Powered by Froala Editor

مصنف کے بارے میں

نعمت الله خان
نعمت الله خان

نعمت اللہ خان ایک با استعداد افغان صحافی ہیں اردو اور پشتو زبان میں مختلف قومی اخبارات اور ڈیجیٹل میڈیا کے لیے خبریں، مضامین اور تجزیے لکھتے ہیں اور ویڈیو رپورٹس بھی بناتے ہیں