جامعہ کوہاٹ شعبہ اسلامک اسٹڈیز کے زیر اہتمام پہلی بین الاقوامی کانفرنس

کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں شعبہ اسلامک اسٹڈیز کے زیرِ اہتمام بین الاقوامی کانفرنس “Global Meet on Divine Wisdom & SDGs” منعقد ہوئی۔ اس کانفرنس میں پاکستان سمیت بیرونِ ملک سے ممتاز اسلامی اسکالرز نے شرکت کی۔ بین الاقوامی مہمانوں میں جامعہ واسط عراق کے ڈاکٹر کاظم حمد مہراز، جامعہ جرش اردن کے ڈاکٹر فواد عبدالمطلب اور ڈاکٹر علی المومنی شامل تھے، جنہوں نے مختلف علمی موضوعات پر اپنے خیالات پیش کیے۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید ظفر الیاس نے کہا کہ ان کے عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ جامعہ میں منعقد ہونے والی چوتھی بین الاقوامی کانفرنس ہے، جو جامعہ میں بڑھتی ہوئی علمی و تحقیقی سرگرمیوں کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے طلباء کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ زندگی میں دو چیزیں سب سے اہم ہیں: وقت اور مقصد، اور تعلیم کے سفر میں ان دونوں کا درست استعمال کامیابی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ سے وعدہ کیا تھا کہ وہ صرف پڑھائی پر توجہ دیں اور یونیورسٹی کی ذمہ داری ہے کہ انہیں بہترین تعلیم اور ماحول فراہم کرے۔
وائس چانسلر نے مزید کہا کہ کسی بھی بین الاقوامی کانفرنس کی کامیابی تین عناصر پر مشتمل ہوتی ہے: بین الجامعاتی تعاون، اسکالرز اور فیکلٹی کا ایک دوسرے کی تحقیق سے سیکھنا، اور ریسرچرز کا اپنی تحقیق کے نتائج دوسروں سے شیئر کرنا۔ انہوں نے اس کانفرنس کو ان تینوں پہلوؤں کے اعتبار سے انتہائی کامیاب قرار دیا۔
بعد ازاں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید ظفر الیاس نے بیرونِ ملک سے آئے مہمان اسکالرز کو روایتی چادر اور چترالی ٹوپی پہنائی، جو کہ خیبر پختونخوا کی مہمان نوازی کی علامت ہے۔
کانفرنس سے چیئرمین شعبہ اسلامک اسٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر قیصر بلال نے بھی خطاب کیا اور شعبے کی کارکردگی رپورٹ پیش کی، جبکہ ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر فرید اللہ خان نے کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔
کانفرنس میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد نصیرالدین، ڈینز، ڈائریکٹرز، مختلف شعبہ جات کے سربراہان اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
Powered by Froala Editor
مصنف کے بارے میں

عامر اورکزئی کا تعلق قبائلی ضلع اورکزئی کے ساتھ ہے اور مختلف قومی خبر رساں اداروں کے ساتھ کام کا تجربہ رکھتے ہیں