ضلع ہنگو میں بم دھماکہ۔ ایس پی اسد زبیر ساتھیوں سمیت شہید

خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں بارودی مواد کا دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں ایس پی آپریشنز سمیت تین پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے ہیں۔
ضلع پولیس افسر (ڈی پی او) خان زیب خان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکا بلیامینہ تھانے کی حدود میں واقع غلمینہ چیک پوسٹ پر ہوا۔ ان کے مطابق حملہ آوروں نے بارودی مواد کے ذریعے چوکی کو نشانہ بنایا، جس سے چوکی کی عمارت اور قریبی کمرہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔
ڈی پی او کے مطابق جب ایس پی آپریشنز اسد زبیر اپنی ٹیم کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے تو دوسرا دھماکا ہوا، جس میں ایس پی اسد زبیر اور دو دیگر پولیس اہلکار موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
واقعے کے بعد اضافی نفری علاقے میں پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق جاں بحق اہلکاروں کی لاشیں ہنگو ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔
ڈی پی او خان زیب خان کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت، بارودی مواد کی مقدار اور حملہ آوروں کی شناخت کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ تاحال کسی گروہ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی
Powered by Froala Editor
مصنف کے بارے میں

ممتاز بنگش مختلف قومی اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ کام کر چکے ہیں اور صحافت کے میدان میں بیس سال سے زائد کا تجربہ رکھتے ہیں