کوہاٹ پولیس نے سات افراد کو قتل کرنے کے الزام میں تین افراد کو گرفتار کر لیا

ویڈیو2025/08/27

 ڈسٹرکٹ پولیس کوہاٹ نے ریگی شینو خیل میں 17 اگست کو پیش آنے والے سات افراد کے قتل کے اندوہناک واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا۔ اس واقعے میں سات افراد جاں بحق اور ایک شخص شدید زخمی ہوا تھا۔


ڈی پی او کوہاٹ پولیس ڈاکٹر زاہداللہ نے بدھ کے روز پولیس کلب میں میڈیا کو بتایا کہ مدعی مقدمہ زاہد نور نے ایف آئی آر میں بتایا کہ وہ اور اس کے ساتھی 17 اگست کی رات تقریباً 12 بج کر 40 منٹ پر تاندہ ڈیم سے واپس آرہے تھے کہ نامعلوم مسلح افراد نے ریگی شینو خیل کے مقام پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں عبدالصمد، ساجد، حمزہ، یوسف، مصطفیٰ، اشفاق اور یاسر موقع پر جاں بحق جبکہ عبدالرازق شدید زخمی ہوا۔ تاہم مدعی اور اس کے چند ساتھی معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔


واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کئے، لاشوں اور زخمی کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا، جبکہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ کی ہدایت پر ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی۔ ٹیم نے جدید سائنسی، فرانزک اور انٹیلیجنس ذرائع استعمال کرتے ہوئے ملزمان کو ٹریس کیا۔


گرفتار ملزمان کی شناخت محمد ساجد ولد محمد صادق، دانش علی شاہ ولد امتیاز علی شاہ اور شمس الرحمن ولد تاج علی خان کے ناموں سے ہوئی ہے، جو خڑہ گڑھی محمد زئی اور محمد زئی کے رہائشی ہیں۔ پولیس کے مطابق ان کے قبضے سے دو ایس ایم جی اور دو پستول برآمد ہوئے جو واقعے میں استعمال کیے گئے تھے۔


ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ قتل کی یہ واردات ذاتی رنجش اور تعلقات کے تنازعے کا نتیجہ تھی۔ مقتولین یوسف، یاسر اور مصطفیٰ کے بعض خواتین سے تعلقات تھے، جن سے ملزمان ساجد اور دانش بھی وابستہ تھے، یہی کشیدگی اس المناک سانحے کا باعث بنی۔

Powered by Froala Editor

مصنف کے بارے میں

ممتاز بنګش
ممتاز بنګش

ممتاز بنگش مختلف قومی اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ کام کر چکے ہیں اور صحافت کے میدان میں بیس سال سے زائد کا تجربہ رکھتے ہیں